Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

شرجیل خان کی واپسی کا معاملہ، شاہد آفریدی بھی میدان میں آگئے

شائع 03 اپريل 2020 05:30pm

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر بوم بوم آفریدی نے شرجیل خان کی واپسی سے متعلق معاملے پر دبے لفظوں میں محمد حفیظ کے موقف کی تائید کردی۔

نجی ٹی وی پر گفتگو میں شاہد آفریدی نے پی ایس ایل فکسنگ اسکینڈل میں سزا یافتہ کرکٹر شرجیل خان کی واپسی سے متعلق کہا کہ بہت ساری چیزوں کو دیکھ کر چلنا پڑتا ہے اور سخت فیصلے بھی کرنے ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: شرجیل خان فوری طور پر ٹیم میں واپسی کیلئے تیار دکھائی نہیں دیتے، وقار یونس

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی میں ہم نے ایسی مثالیں قائم نہیں کیں اور یہی وجہ ہے کہ اس طرح کے معاملات اب بھی سامنے آتے رہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے:شرجیل خان کا معاملہ، محمد حفیظ کی حمایت میں بھارت سے آواز بلند

بوم بوم نے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچنے کیلئے قوانین بنانا ہونگے۔ اگر ماضی میں میچ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کیلئے کوئی مثال قائم کی ہوتی تو آج ہمیں بدنامی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں محمد حفیظ نے شرجیل خان کی واپسی سے متعلق بحث پر ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ 'کیا ہمیں ملک کی عزت و وقار اور ایمانداری کو "اسپیشل ٹیلنٹ" سے زیادہ اہمیت نہیں دینی چاہیئے'۔

یہ بھی پڑھیئے: شرجیل خان کی فٹنس سے خوش نہیں ہوں، مصباح الحق

محمد حفیظ کی اس ٹویٹ پر انہیں پی سی بی کی جانب سے سرزنش کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ان سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنے کام سے کام رکھیں جبکہ بھارت کے سابق کرکٹر اور تجزیہ کار آکاش چوپڑا نے اُن کے حق میں آواز بلند کی تھی اور کہا تھا کہ حفیظ کو بولنے دیا جائے۔